..3..پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 6600 پوائنٹس کی کمی

کراچی (ما نیٹرنگ ڈیسک ) امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں منفی رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز سے ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی۔
تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 6600 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 60 ہزار 591 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 191 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب امریکا ایران مذاکرات ناکام ہونے پر ایشیائی مارکیٹس میں مندی دیکھی جا رہی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 2.08 فیصد مندی دیکھی گئی، جاپان کے نکی انڈیکس میں ایک فیصد کمی دیکھنے میں آئی، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد مندی ریکارڈ کی گئی۔
چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی معمولی مندی دیکھنے میں آئی ہے۔



