وفاق کی 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کی تیاری، ٹیکس اور ڈیوٹیز میں مکمل چھوٹ کی تجویز

اسلام آباد: (ویب نیوز) وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنانے کے لیے 10 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی تیاری شروع کر دی، درآمد پر عائد تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے استثنیٰ دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسکو کے ذخائر میں موجود تمام 10 لاکھ ٹن گندم بھی صوبوں کو فراہم کرنے کی تجویز ہے جبکہ پاسکو کے ذخائر کے بعد صوبوں کی باقی ضروریات درآمدی گندم سے پوری کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پاسکو کی گندم کی فراہمی پر لاگت کا تخمینہ 141 ارب روپے لگایا گیا ہے، 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد پر تقریباً 34 کروڑ ڈالر خرچ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبوں نے اپنے اسٹریٹجک گندم ذخائر میں نمایاں کمی کی نشاندہی کی ہے، جس کے باعث گندم کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے کے لیے اضافی اقدامات ناگزیر قرار دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) پہلے ہی گندم درآمد سے متعلق نائب وزیراعظم کی سربراہی میں ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے چکی ہے، جو درآمدی عمل اور متعلقہ معاملات کی نگرانی کر رہی ہے۔





