اسلام آباد (ویب ڈیسک)
چینی سکینڈل پر اسلام آبادہائیکورٹ نے انکوائری کمیشن کی تشکیل اوررپورٹ درست قراردیدی۔ منگل کواسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اورجسٹس لبنیٰ سلیم پرویز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی اپیل پر 24جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فیصلے کے مطابق انکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانونی قرار دی ہے۔ عدالت عالیہ نے چینی انکوائری کمیشن کیس میں شوگر ملز مالکان کی انٹرا کورٹ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوگر انکوائری کمیشن کی تشکیل اور چینی انکوائری رپورٹ قانونی طور پر درست ہے۔عدالت عالیہ کے ڈویژن بنچ نے سنگل بنچ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ واضح رہے کہ پیر 17اگست کو سندھ ہائی کورٹ نے شوگرانکوائری کمیشن اور رپورٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق نئی آزادانہ تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا۔جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمر سیال نے شوگر ملز مالکان کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جس کو سنایا گیا تھا۔سندھ ہائی کورٹ نے نیب،ایف بی آر اور ایف آئی اے کو علیحدہ علیحدہ انکوائری کا حکم دیا ہے۔