لاہور(رپورٹ) ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ برطانوی پولیس نے میرا جینا حرام کر دیاہے‘ برطانوی حکومت پاسپورٹ منسوخ اور مجھے جان سے بھی مار سکتی ہے مگر میں آئی ایس آئی کے سامنے نہیں جھکا‘ برطانوی پولیس اور حکومت کے سامنے کیسے جھکوں گا؟ برطانوی حکومت مجھے زیادہ سے زیادہ پھانسی کی سزا دے سکتی ہے میں خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا‘ پاکستان کیلئے میری جان بھی حاضر ہے‘ حمید گل قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ میں نے آئی ایس آئی سے پیسے لئے یا نہیں؟ میں فوج کی پیداوار ہوں اور نہ ہی فوج کے اشاروں پر سیاست کرتا ہوں‘ حمید گل اور بریگیڈیر امتیاز شاہ جانتے ہیں کہ میں نے پیسے آئی ایس آئی کے بھجوائے گئے پیسے واپس کئے یہی میرا جرم ہے‘ حکمرانوں مرد کے بچے ہو تو ڈرون گرا ؤ ورنہ قوم کو الو نہیں بناؤ‘ اگر ہم سب ایک ہو جائیں تو امریکہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور ہم اس سے اپنی بات منوابھی سکتے ہیں ‘ ہم سندھی‘ پنجابی یا بلوچی نہیں صرف پاکستانی ازم سیاست کرینگے‘ لاہور کے ہر گھر میں میرے لئے محبت موجود ہے اور دنیا کی کوئی طاقت عوام کے دلوں سے میری محبت نہیں ختم کر سکتی کیونکہ میں پیسے لیکر وطن سے محبت کرنیوالوں سے نہیں‘ مجھے اپنی ملک کی عوام سے محبت ہے۔ وہ جمعہ کے روز لندن سے لاہور میں اپنی کتاب ’’فلسفہ محبت‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ ٹیلی فونک خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ کچھ عرصہ سے برطانیہ میں وہاں کی پولیس نے میرا جینا حرام کر رکھا ہے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ برطانوی حکومت میرا پاسپورٹ منسوخ اور میری جان بھی لے سکتی ہے لیکن میں اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا لیکن میں اللہ کے سوا کسی سے خوفزدہ ہونیوالا نہیں میں جب پاکستان میں تھا تو اس وقت بھی مجھ پر مظالم کئے گئے‘ جھوٹے مقدمات بنائے گئے‘ میں جیل میں رہا لیکن میں نے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا سب لوگ کہتے ہیں کہ آئی ایس آئی سب سیاستدانوں میں پیسے بانٹ رہی تھی تو میں نے اس وقت نوٹوں کے بریف کیس واپس بجھوا دیئے اور یہی میرا آج تک جرم ہے اور میں واحد سیاستدان ہوں جس نے پیسے واپس بجھوائے باقی سیاستدانوں نے تو پیسے لے لئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ملک کے خلاف ہیں اور حکمران مرد کے بچے ہیں تو ڈرون گرائیں ورنہ قوم کو الو نہ بنایا جائے‘ میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہم سب متحد ہو جائیں تو ہم امریکہ کا مقابلہ کر سکتے ہیں لیکن قوم میں اتحاد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میرے سوا پاکستان کا کوئی لیڈر نہیں اور میں صرف پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہا ہوں‘ اگر ہم نفرتیں مٹا دیں تو ایک ہو سکتے ہیں اور ہم متحد ہو کر امریکہ سے ہر بات بھی منوا سکتے ہیں۔