اسلام آباد ( آئی این پی ) Asif-Ali-Zardar سابق صدر آصف علی زرداری نے یورپی پارلیمنٹ کے اس فیصلے کو سراہا ہے جس میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی مصنوعات کی رسائی بغیر ڈیوٹی کے یورپی مارکیٹوں میں ہو جائے گی۔ یورپی پارلیمنٹ کا یہ قانون آئندہ سال یکم جنوری سے نافذالعمل ہو جائے گا اور 2017 تک کارآمد رہے گا۔ ایک بیان میں سابق صدر نے کہا یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ یورپی پارلیمنٹ نے ایسے اقدامات کی منظوری دی ہے جن کے تحت پاکستان اور دوسرے ممالک جنرلائز سسٹم آف پریفرنسز پلس اسکیم کے حقدار ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی گورنمنٹ نے یورپین یونین کے جی ایس پی پلس کی درجہ بندی حاصل کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے تھے اور یہ خوشی کی بات ہے کہ ان اقدامات کا پھل اب پاکستان کو مل گیا ہے۔ جو لوگ بھی اس قومی خدمت میں شریک تھے انہیں سراہنا چاہیے۔ پالیسیوں کا تسلسل خاص طور پر معاشی میدان میں پاکستان کی معیشت کو درپیش مسائل پر قابو پانے کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ موجودہ حکومت میں جو لو گ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی معاشی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہنا چاہیے وہ بھی سراہے جانے کے مستحق ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی درجہ بندی حاص کرنے کے بعد غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مثبت اشارے ملیں گے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری فائدہ مند ہے۔ اس سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور نئے معاشی مواقع میسر آئیں جن سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔