اسلام آباد ( خصو صی رپورٹ ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے باہر کی نوک جھونک کو اعتراز احسن پارلیمنٹ میں لائے ، مجھ پر ذاتی حملہ پارلیمنٹ سے باہر کیا گیا جس کا جواب میں نے پارلیمنٹ سے باہر دیا ، پھر اس ذاتی جھگڑے کو اعتراز احسن پارلیمنٹ کے اندر کیوں لائے ۔ ہفتہ کو پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعرات کو اعتراز احسن نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے باتچیت میں ان پر ذاتی حملے کیے ، انکو میڈیا کے ذریعے اس کا پتہ چلا جس کے بعد انہوں نے بھی پارلیمنٹ کے باہر ہی خود پر لگائے گئے الزامات کا جواب دیا جو میرا جمہوری حق تھا لیکن اعتراز احسن اس جھگڑے کو پارلیمنٹ کے اندر لے آئے ۔ اولی طور پر یہ پارلیمنٹ کے باہر کی نوک جھونک کو ایوان میں نہیں لایا جاتا ۔ میں اس سے قبل پارلیمنٹ کے اندر انکی شدید تنقید کا جواب نہیں دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اعتراز احسن میں تنقید کے بعد جوابی تنقید سننے کا بھی حوصلہ ہونا چاہیے لیکن میرے جواب پر پارلیمنٹ کے اندر وہ کچھ کیا گیا جس کی پارلیمانی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی ۔