اسلام آباد(صباح نیوز)

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اب تک پاکستان میں 1625 افراد متاثر ہوئے ہیں 32 افراد صحت یاب اور21 اموات ہو چکی ہیں اسلام آباد میں چیئرمین ایف ڈی ایم اے اور معاون خصوصی معید یوسف کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ دنیا کے 199 ممالک میں 723000 سے زائد کنفرم کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں 34000 اموات ہوئی ہیں اور ڈیڑھ لاکھ افراد مکمل طور پر صحت یاب ہو کراپنے گھروں کو جا چکے ہیں پاکستان میں پچھلے 24 گھنٹے میں 99 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اب تک 1625 کنفرم کیسز ہو چکے ہیں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چھ بلوچستان میں 144،گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51، کے پی کے میں 195 پنجاب میں 593 اور سندھ میں 508کیسز ہیں 32 مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں میں چلے گئے ہیں صحت مند ہونے والوں میں پچھلے 24 گھنٹے ہیں اضافہ ہوا ہے 21 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جن میں ایک بلوچستان 2 گلگت بلتستان 5 کے پی کے 6 پنجاب اور 7 سندھ میں اموات ہوئی ہیں۔پچھلے 24 گھنٹے میں پانچ نئی اموات کی رپورٹ موصول ہوئی ہے اس وقت پاکستان کے مختلف علاقوں میں 7507 لوگ مختلف قرنطینہ میں ہیں ان میں سے 4255 کے ٹیسٹ فائنل کیے جا چکے ہیں ان میں 796 لوگ پازیٹو ہیں 1625 کنفرم کیسوں میں 883 زائرین ہیں جو ایران سے واپس آئے 247 لوگ دیگر ممالک سے واپس لوٹے جو 15 فیصد بنتے ہیں۔لوکل ٹرانسمیشن بتدریج بڑھ رہی ہے 783 کیسز ملک کے مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں ان میں سے 773 بتدریج صحت یاب ہو رہے ہیں ان میں سے 10 مریض وینٹی لیٹر میں ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضال نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو کورونا کے طبی آلات فراہم کر دیئے ہیں ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان میں کورونا کی لیبارٹری جلد کام شروع کر دے گی۔گجرات اور بہاولپور میں لیبارٹریز جلد کام شروع کر دیں گی۔حکومت سندھ کو 5000 کورونا کٹس فراہم کی گئی ہیں۔چین سے وینٹی لیٹرز اور حفاظتی سامان درآمد کرنے جا رہے ہیں 6 اپریل سے پہلے ایک حفاظتی سامان ہمارے پاس پہنچ جائے گا 15 اپریل سے پہلے ایک لاکھ 50 ہزار حفاظتی سامان ہمیں موصول ہو جائے گا جبکہ معاون خصوصی معید یوسف نے کہا کہ مسافر ٹرانسپورٹ اور ریلوے کو یکم اپریل تک کھولنے میں کوئی صداقت نہیں۔اندرونی و بیرونی ملک پروازیں تاحکم ثانی بند ہیں دنیا کے کسی ایئر پورٹ پر پاکستانی مسافر پھنسے ہوئے نہیں ہیں۔