اسلام آباد(صباح نیوز)
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4699 تک پہنچ گئی ۔
ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 68 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا اور سندھ میں 22،22 جبکہ پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی۔ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 201کیسز رپورٹ ہوچکے اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو خیبرپختونخوا اور سندھ سے رپورٹ ہوئیں۔
اب تک سندھ میں 86 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب میں 55 کیسز، خیبرپختونخوا میں 60 کیسز 2 ہلاکتیں اور بلوچستان میں ایک کیس سامنے آیا۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے نئے ٹیسٹ میں مزید 86 کورونا میں مبتلا افراد پائے گئے، اس حساب سے کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1214 ہوگئی۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث ایک موت ہوئی جو میرے بہنوئی سید مہدی شاہ کی تھی، اس کے بعد کورونا کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 22 ہوگئی۔ وزیراعلی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 358 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔