تمام تر توجہ کورونا وباء پر قابو پانے سمیت غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے، وزیراعظم

پشاور(صباح نیوز)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی تمام تر توجہ کورونا وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمزور اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔  بہتر حکمت عملی سے کورونا کی صورتحال سے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں بھوک سے بھی نمٹنا ہوگا۔ وفاقی حکومت ہر سطح پر تعاون کو یقینی بنائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہے اور عالمی مارکیٹوں کی بندش سے خریداری میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ این ڈی ایم اے چین اور دیگر ممالک سے امدادی سامان لا رہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے جہاں انہوں نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے دورے کے دوران چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے کورونا سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع میں کورونا وبا دیگرعلاقوں کی نسبت زیادہ پائی گئی ہے ۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 3 فروری کو کورونا ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ گورنر، وزیر اعلیٰ، وزیر صحت اور اعلیٰ حکام روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ صوبے بھر میں 275 قرنطینہ سنٹر بنائے گئے ہیں جن میں کل 18,000 افراد کی گنجائش موجود ہے۔

وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں 583 وینٹی لیٹر موجود ہیں جن کی تعداد کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ ایمرجنسی کے تحت صوبے میں 638 ریگولر اور 1299 کنٹریکٹ اضافی ڈاکٹر بھرتی کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 9000 ریٹائرڈ ڈاکٹر، نرسیں اور پیرامیڈک اسٹاف نے رضاکاروں کے طور پر رجسٹریشن کرائی ہے جن کو بوقت ضرورت بلایا جائے گا۔ صوبے میں سرکاری سطح پر 400 رپیڈ رسپانس ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی توجہ وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمزور اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ بہتر حکمت عملی سے کورونا کی صورتحال سے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سارا ملک اپنے ڈاکٹرز کے پیچھے کھڑا ہے۔ ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ہر ممکن طبی سامان مہیا کریں گے۔ طبی عملے کی حفاظت پر توجہ مرکوز ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اسد عمر، معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور شہریار آفریدی بھی تھے۔

Editor

Next Post

حکومت عوامی ریلیف  کے لئے کچھ نہ کرسکی، سینیٹر سراج الحق

جمعہ اپریل 10 , 2020
لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی طرف سے کورونا وائرس سے نپٹنے کیلئے حکومتی کارکردگی پر ازخود نوٹس عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ازخود نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہیں امید ہے کہ اس سے عوامی مشکلات اور پریشانیوںکا […]