ملتان (صباح نیوز)
ملتان کے نشتر ہسپتال کے 18ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت 18افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کے مطابق کوروناوائرس سے 12ڈاکٹرز اور چھ پیرامیڈکس متاثر ہوئے ہیں۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے کہا کہ چند روز قبل مظفرگڑھ کا رہائشی گردوں کا مریض ہسپتال میں آیا تھا اور اسے وارڈنمبر 12میں داخل کیا گیا تھا اور جب اس کا انتقال ہوا تو اس کا کوروناٹیسٹ کروایا گیا اور وہ ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وارڈ کے سارے عملے کے ٹیسٹ بھی کروائے گئے ۔وارڈ کے عملے کے تمام افراد جن میں 12ڈاکٹرز اور چھ پیرامیڈکس شامل ہیں سب کا کوروناوائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تمام افراد کو نشتر ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا اور ا ن کا علاج جاری ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کچھ افراد کو نشتر ہسپتال میں ہی رکھا جائے گا جبکہ کچھ کو طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کیا جائے گا۔