اسلام آباد (صباح نیوز)
ملک بھر سے کورونا وائرس سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جاں بحق افراد کی تعداد 113ہو گئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز 6160ہو گئے ۔ سرکاری اعدادوشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 6 اموات ہوئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 113 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 6160 تک پہنچ گئی۔ملک میں ہونے والی 113 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں 41 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 38، پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔ملک میں کورونا کے مزید 176کیسز سامنے آئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں، سندھ میں 150 کیسز 6 ہلاکتیں، بلوچستان 12، اسلام آباد 9 اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 150 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضی وہاب نے کی۔مرتضی وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 1668 ہوگئی اور ہلاکتیں 41 ہوگئیں ۔مرتضی وہاب نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 133 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 560 ہوگئی ۔ پنجاب میں تصدیق شدہ کیسز 2945تک پہنچ گئے ، بلوچستان میں مزید12 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 262 ہوگئی جب کہ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہے۔صوبائی محکمہ صحت نے مجموعی کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک بلوچستان کے6 اضلاع سے کو روناوائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کے 124مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ۔اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 140 ہوگئی ۔وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔ آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ،علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔