اسلام آباد(صباح نیوز)
پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاو دن بدن تیز ہوتا جارہا ہے اور بدھ کو بھی مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 10 ہزار 69 ہوگئی جبکہ 212 افراد وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا اور 31 مارچ تک تعداد تقریبا 2 ہزار تک پہنچی تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک اس تعداد میں 7 ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ہوا۔اسی طرح اموات کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک میں ہونے والی مجموعی اموات میں پہلے 100 اموات 28 دن میں ہوئیں جبکہ باقی 100 سے زائد اموات صرف 7 دن میں ریکارڈ کی گئیں۔اگرچہ اس وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں مختلف طرح کی پابندیاں اور بعد ازاں جزوی لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا۔تاہم اس کے باوجود کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور جس طرح ٹیسٹ بڑھ رہے ہیں متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کو بھی ملک میں مزید کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ ایسے افراد بھی سامنے آئے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوئے۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 320 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق کردی گئی۔ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 2097 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد ٹیسٹ کیے گئے افراد کی تعداد کی تعداد 30 ہزار 346 ہوگئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک مثبت کیسز کی تعداد 320 نئے کیسز کے بعد 3 ہزار 373 تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد69 ہوگئی۔ترجمان کے مطابق صوبے میں صحت یاب افرا دکی تعداد 715 ہوگئی اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 50 افراد شفایاب ہوئے۔سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان 9 کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 185 سے بڑھ کر 194 تک پہنچ گئی۔اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔سرکاری سطح پر تصدیق کیے گئے ان 2 نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین 281 سے بڑھ کر 283 ہوگئے۔وہیں مزید 83 افراد ایسے تھے جو اس وائرس کو شکست دے کر مکمل شفایاب ہوگئے۔نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 2073 سے بڑھ 2 ہزار 156 ہوگئی۔علاوہ ازیں اگر ان نئے کیسز کے بعد ملک میں صوبوں اور علاقوں کے حساب سے متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو پنجاب اس میں سب سے آگے ہے۔صوبہ پنجاب میں ابھی تک کورونا وائرس کے 4 ہزار 328 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اس کے بعد سندھ میں 3373 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 1345 ہے۔بلوچستان میں 495 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ کیسز 194 تک پہنچ چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 283 افراد متاثر ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں اس وبا نے 51 افراد کو متاثر کیا ہے۔اموات کے حساب سے سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں، جس کے بعد سندھ کا نمبر ہے۔