کوئٹہ (صباح نیوز)
بلوچستان میں شعبہ صحت سے وابستہ افراد میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، صوبے میں اب تک 59ڈاکٹروں سمیت 97ہیلتھ کیئر ورکرز مہلک مرض کا شکار ہوچکے ہیں۔ طبی شعبے کے 97افراد میں سے 10صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ دیگر 87افراد کو گھروں میں آئیسولیٹ کردیا گیا ہے۔ادھرسندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس کے پھیلاو کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔سرکاری اسپتالوں سے طبی فضلہ ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام نہیں جو مسلسل اسپتال کے باہر پھینکا جارہا ہے۔ دوسری طرف پنجاب کے شہر فیصل آباد کے سرکاری اور کچھ نجی اسپتالوں میں طبی فضلہ تلف کرنے کیلئے انسینیریٹر نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔