نئی دہلی(کے پی آئی)
بھارت میں کورونا وائرس وبا سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 2644 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور 83 مریضوں کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 1301 ہو گئی ہے۔ملک کی الگ الگ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کوروناوائرس کے اب تک کل 39980 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 682 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد10633 تک پہنچ گئی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاو ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہو چکا ہے۔