سعودی عرب کی حکومت نے مسجد الحرام کے لیے مزید حفاظتی اقدامات کر لیے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسجد الحرام کے داخلی راستوں پر جدید سینیٹائزر اور اسکریننگ گیٹ لگائے گئے ہیں جو ہر گزرنے والوں کی اسکریننگ بھی کریں گے اور کورونا وائرس کا شکار افراد کی بروقت نشاندہی کریں گے۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ماہ صیام کے آخری عشرے میں نمازیوں کے لیے حرمین شریفین کو کھولے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں یہ جدید واک تھرو گیٹ مسجد کی انتظامیہ اور سینکڑوں کی تعداد میں کام کرنے والے خادمین کے حوالے سے نصب کیے گئے ہیں۔امام کعبہ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویۖ میں نمازیوں کی پابندی برقرار رہے گی۔ نماز تراویح میں مساجد کی انتظامیہ اور خادمین شریک ہوں گے۔دونوں مقدس مقامات پر افطار دستر خوان پر پابندی عائد رہے گی۔امام کعبہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے پورے مہینے مستحق افراد اور گھرانوں میں رمضان راشن تقسیم کیا جائے گا۔کورونا وائرس کے پھیلا وکو روکنے کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی دونوں مقدس مساجد کی مسلسل صفائی اورفرض نمازوں سے خارج اوقات میں انہیں جراثیم سے پاک صاف رکھنے کی ضرورت کے پیش نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔انتظامیہ کے عہدیدار نے توجہ دلائی کہ سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی احرام پوش کو مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنوں میں داخل ہونے کی اجازت کسی بھی حالت میں نہیں دی جائے گی۔ایک فیصلہ یہ بھی کیا گیا تھا کہ اعتکاف اور مسجد میں بستر ڈالنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کھانے پینے کی اشیا لے جانے کی بھی ممانعت ہوگی اور آب زمزم کی سبیلیں بھی بند کردی جائیں گی۔
ریاض(صباح نیوز)