اسلام آباد(صباح نیوز)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں ،ان کیساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔ منگل کووزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹائیگر فورس سے متعلق اعلی سطح اجلاس ہوا جس میںوزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی خیبر پختونخوامحمود خان، صوبائی چیف سیکرٹریز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی سطح پر ٹائیگر فورس کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے متعلق وزرائے اعلی اور چیف سیکرٹریز کو گائیڈ لائنز دیتے ہوئے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک ٹائیگر فورس متحرک کیا جائے جبکہ ٹائیگر فورس سے احساس لیبر رجسٹریشن پروگرام میں بھی مدد لیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوان ملک کا سرمایہ، مشکل وقت میں قوم کیلئے وقت نکالنے والے نوجوان ہیروز ہیں، ان کیساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔عمران خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹریز، صوبائی اور ضلعی سطح پر ہدایت نامے جاری کریں اور انتظامی سطح پر بہترین کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔