کراچی (نیوز ڈسک)
ماڈل کالونی میں طیارہ گرنے سے 2 مکان مکمل طور پر تباہ جبکہ 17 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
وزیر اعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب نے سندھ سیکٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا ہے طیارہ گرنے سے 13 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور ڈی سی ملیر کو ہدایت دی ہے کہ طیارہ گرنے کے دوران جن مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ان کے متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے ۔ بعدازاں انتظامیہ نے 16 متاثرین کو شارع فیصل پر واقعے نجی ہوٹل منتقل کر دیا ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ جہاز گرنے کے باعث جن شہریوں کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے انھیں تعمیر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 97 افراد کی لاشیں نکال کر سرد خانے منتقل کر دی گئیں ہیں ۔جامعہ کراچی سے میتوں کا ڈی این اے کرایا جارہا ہے جس کے بعد لاشیں بہت جلد ورثا کےحوالے کردی جائیں گی۔