بھارت سفارتی آداب بھول گیا
انڈین خفیہ اہلکاروں کی قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنرسے بدتہذیبی،گاڑی کاراستہ روک لیا
پاکستان کا واقعہ پر شدید احتجاج، بھارتی اقدام ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ
نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت نے سفارتی آداب کی ایک بار پھر دھجیاں اڑا دیں، نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ انڈین خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنرسے بدتہذیبی کی ہے.باوثوق ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں بھارتی حکام پاکستانی ناظم الامور اور قائم مقام ہائی کمشنر کا راستہ روکتے رہے۔ سید حیدر شاہ کی گاڑی کا راستہ بار بار بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام کی جانب سے روکا گیا۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینئر سفارتکار دفتر سے گھر جا رہے تھے۔ سید حیدر شاہ کی گاڑی کا راستہ روک کر بدتہذیبی بھی کی گئی۔ پاکستان نے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدام ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا تھا۔پاکستان نے واقعے پر شدید احتجاج کیا ہے ،ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدام قابل مذمت، ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے عالمی قوانین اور سفارتی آداب کے تحت ہر کام کی۔عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی اقدام پاکستانی ہائی کمیشن کی سفارتی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش ہے۔ بھارت ان اقدامات سے اندرونی اور بیرونی مسائل سے توجہ نہیں ہٹا سکتا اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں خلاف ورزیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا ہے۔