لاہور (صباح نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی مشیر برائے اقتصادی امور و منصوبہ بندی ڈاکٹر سلمان شاہ نے ملاقات کیـملاقات میں صوبے کی معیشت کو مضبوط اور محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیاـایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن اور وزیراعلیٰ کے سیکرٹری کوآرڈینیشن بھی اس موقع پر موجود تھےـ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وباء کے پیش نظر معیشت دباؤ کا شکار ہے۔کمزور طبقے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔موجودہ غیر معمولی حالات میں معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے تناظر میں ترقیاتی،بزنس و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ کورونا وباء کے باعث نئی ترجیحات کاتعین کرنا وقت کا تقاضا ہے۔صوبے میں ترقیاتی منصوبوں،بزنس کے فروغ اورسرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سوچ کے ساتھ نئے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ نئی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔ سماجی تحفظ کیلئے بھی پوری توجہ اور انفرادیت کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ حالات کے مطابق ترجیحات بھی تبدیل ہوتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال پنجاب کے ہر شہر کی ترقی کو فوکس کیا جائے گا۔ ترقی کی یکساں پالیسی ہماری ترجیح ہے۔