اسلام آباد(صباح نیوز)

وفاقی حکومت نے کورونا سے جاں بحق طبی عملے کیلئے ایک کروڑ تک مالی پیکج کا اعلان کر دیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہو، خصوصی پیکج کورونا کے خلاف نبردآزما ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے ہوگا، صوبائی وزرا صحت اور ماہرین سے بھی اس پیکج پر مشاورت کی گئی، ہمارے دین میں کہا جاتا ہے جس نے ایک شخص کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں خصوصی پیکج پر اطلاق کی ذمہ دار ہونگی۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں ذمہ داری ادا کرنیوالے ہیلتھ ورکرز ہمارے ہیرو ہیں، فرنٹ لائن ورکرز کیلئے ٹیکسز کی صورت میں کچھ سہولیات دیں گے، فرنٹ لائن ورکرز کو انکم ٹیکس میں چھوٹ کی سہولت دی جائے گی ہیلتھ ورکرز کا تحفظ اور ان کی معاونت ترجیح ہے، ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونیوالے ہیلتھ ورکرز کو شہدا پیکج ملے گا، بعض مریضوں کے لواحقین تسلی بخش علاج نہ ہونے پر قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کرتے ہیں، مریضوں کے لواحقین ڈاکٹرز اور طبی عملے کو زدوکوب اور تشدد کرتے ہیں، طبی عملے کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طبی عملے کے اہلخانہ کی ترجیحی بنیادوں پر نجی و سرکاری سطح پر علاج معالجے کی ذمہ داری حکومت لے گی، ہیلتھ ورکرز کو ہیلپ لائن کے ذریعے سپورٹ دی جائے گی، دیگرممالک کے ہیلتھ ورکرز میں انفیکشن کی شرح بہت زیادہ ہے، ہیلتھ ورکرز کے ترجیحی بنیادوں پر ٹیسٹ کیے جائیں گے، ہیلتھ ورکرز کی فیملی کا علاج بھی حکومت کرے گی، سٹیٹ بینک نجی ہسپتالوں کو آسان شرائط پر قرض دے رہا ہے، قرض پرائیویٹ ہسپتالوں کو سٹاف کی تنخواہوں کیلئے دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کے تعاون سے5ہزار ہیلتھ ورکرزکی ٹریننگ کا بھی انتظام کیاگیا ہے۔