کورونا وبا: پنجاب میں ایک روز میں ریکارڈ 86 اموات،ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 3ہزار 903 تک پہنچ گئیں
کورونا وائرس کے مزید 1948 نئے کیسز،ملک میں متاثرین ایک لاکھ 93 ہزار کے قریب ہوگئے
تین ہزار 553 لوگ اس وائرس سے شفایاب ہوگئے
اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں، جس کے بعد تعداد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 970 جبکہ اموات 3 ہزار 903 تک پہنچ گئیں۔ملک میں جمعرات کی صبح تک کورونا وائرس کے مزید 1948 نئے کیسز اور 95 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 553 لوگ اس وائرس سے شفایاب ہوگئے۔تاہم گزشتہ 5 روز سے یہ رجحان دیکھنے میں آرہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی ہوئی ہے، تاہم قومی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ آنے والے دنوں میں اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو آیا تھا اور اب اس وبا کو 4 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے۔ملک میں ان 4 ماہ کے دوران وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا، جس میں فروری سے مارچ کے آخر تک 2 ہزار سے زائد کیسز اور 26 اموات ہوئی تھیں، تاہم اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات 385 تک پہنچ گئیں۔مئی کے مہینے میں کیسز کی تعداد میں اچانک تیزی ہوئی اور 31 تاریخ تک یہ 71 ہزار سے بڑھ گئے جبکہ اموات بھی 1500 سے تجاوز کرگئیں۔ رواں ماہ جون کے گزشتہ 24 روز میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب کیسز اور تقریبا 23 اموات کا اضافہ ہوا۔ جمعرات کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1655 نئے کیسز اور 86 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 655 افراد متاثر ہوئے، جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 71 ہزار 191 ہوگئی۔اسی طرح صوبے میں ایک روز میں 86 افراد زندگی کی بازی ہار گئی جس سے یہ تعداد 1516 سے بڑھ کر 1602 ہوگئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 227 افراد کو متاثر کیا جبکہ 7 افراد لقمہ اجل بنے۔اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 11 ہزار 483 سے بڑھ کر 11 ہزار 710 تک پہنچ گئی۔مزید یہ کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک روز میں 7 لوگ انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 108 سے بڑھ کر 115 ہوگئی۔گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔پورٹل میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس سے یہ تعداد 1337 سے بڑھ کر 1365 تک پہنچ گئی۔ملک میں اس وائرس سے سب سے کم متاثر آزاد کشمیر میں بھی مزید 38 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔سرکاری اعداد و شمار میں یہ معلوم ہوا کہ آزاد کشمیر میں مزید 38 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 892 سے بڑھ کر 930 ہوگئی۔اس کے علاوہ 2 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جس کے بعد یہ تعداد 23 سے بڑھ کر 25 تک جا پہنچی۔تاہم ملک میں کورونا کیسز اور اموات کے باوجود لوگوں کے لیے امید کی کرن لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 553 لوگ اس وائرس سے شفا پاگئے، یوں اس طرح اب تک ملک میں مکمل طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 77 ہزار 754 سے بڑھ کر 81 ہزار 307 ہوگئی۔ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 74 ہزار70 ہیں تو وہیں پنجاب میں 71 ہزار 191 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 23 ہزار 887 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 817 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں11 ہزار 710 ، گلگت بلتستان میں 1365 اور آزاد کشمیر 930 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:پنجاب: 1602،سندھ: 1161،خیبرپختونخوا: 869،،بلوچستان: 108،اسلام آباد: 115، گلگت بلتستان: 23اور آزاد کشمیر: 25 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں