اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں جعلی لائسنس والے پائلٹس کو آج ملازمت سے برطرف کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں 14 نکات پر غور کیا جائیگا، اجلاس میں جعلی ڈگریوں والے پائلٹس کی لائسنس منسوخی کا حتمی فیصلہ ہوگا، کابینہ اجلاس میں ملکی معاشی سیاسی صورتحال پر غور ہوگا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال سمیت پارٹی امور پر غور ہوگا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ممنوعہ اسلحہ لائسنس کے اجراء کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کا فیصلہ کابینہ کریگی۔ ایران عراق اور دیگر ممالک کے لئے زائرین پالیسی ریگولیٹری فریم ورک پیش کیا جائیگا۔ متروکہ وقف املاک کی شہری آبادی کے تعلیم اور صحت کے استعمال سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ بل پر نیشنل ہیلتھ ریفارمز ٹاسک فورس کی بریفنگ دے گی۔
پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کے ایم ڈی کی تعیناتی، ای سی سی اور کابینہ کی توانائی کمیٹیوں کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ ایس ای سی پی کے مالی سال 2020 کے آڈیٹرز کی منظوری، ایس ڈی گولز کے حصول سے متعلق گائیڈ لائنز میں ردوبدل بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ مرغذار چڑیا گھر کا انتظامی کنٹرول وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو دینے کا فیصلہ ہوگا۔ ریونیو ڈویژن کی جانب سے پینل سرچارج کی معافی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔