راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر کنٹرول لائن پرجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 بزرگ خواتین سمیت 5 شہری زخمی ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ رات ایل او سی کے نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 بزرگ خواتین اور 2 لڑکوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا موثر انداز میں جواب دیا۔
دوسری جانب واقعہ پر پاکستان نے بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا۔ احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔ بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر سول آبادی کو مسلسل نشانہ بنا ر ہی ہے، بھارت کی جانب سے رواں برس 1595 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے جس سے 14 شہری شہید اور 121 زخمی ہوئے ہیں۔