ہجیرہ / مظفرآباد  (ویب نیوز)

بھارتی فوج کی تیتری نوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، اپنے کھیتوں میں مال مویشی چرانے والوں پر   فائرنگ کھول دیا دو شہری شہید ایک زخمی، تفصیلات کے مطابق تیتری نوٹ کے علاقہ بیلہ جو کہ سیز فائر لائن پر  واقع ہے بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی پر بلااشتعال  فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں دو مقامی افراد شہید ایک زخمی ہوگئے ،محمد قاسم نامی شہری موقع پر ہی شہید ہوگیا جبکہ عبید نامی نوجوان بھی ہجیرہ ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا ،فائرنگ سے حفیظ نامی نوجوان کو زخمی حالت میں قریبی ہیلتھ یونٹ پہنچا دیا گیا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق گولیاں لگنے کے بعد مقامی آبادی کو ڈیڑھ گھنٹہ تک انھیں اٹھانے کے لیے نیچے جانے کی اجازت نہیں ملی۔تیتری نوٹ کے رہائشی (ص) کے مطابق ممکن ہے کہ اگر ہم ان کو بروقت ریسکیو کر لیتے تو عبید کی جان بچائی جا سکتی تھی جسکے پیٹ میں گولیاں لگی تھیں ۔مقامی ذرائع کے مطابق تیتری نوٹ میں صحت کی بھی مناسب سہولیات موجود نہیں ہیں اور نا ہی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس موجود تھی۔ جس کے باعث مقامی آبادی نے زخمیوں کو شہہ زور گاڑی پر ڈال کے ہجیرہ ہسپتال منتقل کیا ۔ابھی تک کسی بھی انتظامی سطح سے اس واقعہ پر کوئی ریلیز یا موقف جاری نہیں کیا گیا ۔اس وقت علاقے کی فضا انتہائی سوگوار بتائی جارہی ہے،شہید اور زخمی ہونے والوں کا تعلق بارہ دری تیتری نوٹ سے ہے۔