28کروڑ63لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ ہوا،نیشنل بینک 26کروڑ98لاکھ ، ایم سی بی پر 15کروڑ84لاکھ ادا کرے گا
جرمانے قوانین کی خلاف ورزی، اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ سے متعلق بھی کیے گئے۔ اسٹیٹ بینک
کراچی(صباح نیوز)
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر 15 کمرشل بینکوں پر جرمانے عائد کر دیئے گئے۔ جرمانے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ سے متعلق بھی کیے گئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 15 بینکوں پر قوانین کی خلاف ورزی پر 1 ارب 68 کروڑ روپے کے بھاری جرمانے کیے گئے ہیں ۔ ان بینکوں پر مارچ سے جون 2020 کے دوران جرمانے کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں پر جرمانے عوام کے سامنے لانے کا سلسلہ جولائی 2019 سے شروع کیا تھا۔ اسٹیٹ بینک نے تمام پندرہ بینکوں کے ناموں کی تفصیلات بھی جاری کردیں ہیں ۔ مسلم کمرشل بینک پر قوانین کی خلاف ورزی پر 15کروڑ84لاکھ روپے کا جرمانہ ہوا ہے جبکہ نیشنل بینک پر 26کروڑ98لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔اسی طرح بینک آف پنجاب پر 28کروڑ63لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ ہوا، یونائیٹڈ بینک پر 13کروڑ 70لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ پابندیوں میں دیگر بینکس بھی شامل ہیں۔ 15کمرشل بینکوں پرجرمانے مارچ سے جون 2020 ء کے دوران کئے گئے ہیں۔