اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تمام صوبوں کو عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں ایک اجلاس میں انھیں ادارے کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
صدر مملکت کے زیر صدارت اجلاس میں اسد عمر، فخر امام، نور الحق قادری، ڈاکٹر ظفر مرزا، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سرجن جنرل پاکستان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر شریک ہوئے جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وفاقی وزیر اسد عمر اور میجر جنرل آصف محمود گورایہ نے صدر مملکت کو نظام صحت کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے بیڈز کی فراہمی، ادویات اور آلات پر بریفنگ دی۔
صدر عارف علوی نے کورونا وبا کے خاتمے کے لیے این سی او سی کے اقدامات کو سراہا اور تمام صوبوں کو عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں وبا کی روک تھام کے لیے گائیڈ لائنز پر بھی آگاہی مہم چلائی جائے۔