چمن: (ویب ڈیسک)
چمن میں ڈی پی او آفس کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا کہ اس دوران یہاں سے اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی گزر رہی تھی کہ دہشت گردوں نے انکو نشانہ بناتے ہوئے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور17 زخمی ہوگئے اور زخمیوں میں انٹی نارکوٹکس فورس کے بھی دو اہلکار شامل ہیں۔
واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعہ سے متعلق شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیا۔ دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار اس مقام پر ایک درجن کے قریب بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں درجنوں افراد شہید وزخمی ہوئے ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔