اسلام آباد(صباح نیوز)
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاست پارٹی قیادت پر قبضہ کرنے کی ہے، وہ حکومت نہیں اپنے چچا شہباز شریف کے خلاف تحریک چلا رہی ہیں۔ اتوار کواپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پارٹی قیادت سے ہٹیں گے تو ہی مریم سیاست کریں گی، شہبازشریف کی بھی سیاست مریم نواز کیمپ کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی ترجیح ہے کہ ن لیگ کی قیادت پر اپنا قبضہ مستحکم کریں، جب تک مریم اور شہبازکی لڑائی ختم نہیں ہوتی وہ اے پی سی میں جا کرکیا کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اس وقت کوئی سیاسی رول نہیں ہے،بلاول بھٹو اور شہباز شریف مل کر بھی ایک شادی ہال میں جلسہ نہیں کر سکتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس پیپلز پارٹی کو ہم جانتے ہیں وہ کبھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہوا کرتی تھی، آج حالت یہ ہے کہ آصف زرداری کو اپنے پیشی پر راولپنڈی میں لوگ نہیں مل رہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کروڑوں روپے خرچ کر کے سندھ سے لوگ راولپنڈی لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی آتی ہے تو پھرپوری کی پوری اسمبلی وزیراعلی کی امیدوار ہے، اگرعثمان بزدار وزیراعلی بن گئے ہیں پھر تو کوئی بھی وزیراعلی بن سکتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ شراب کے لائسنس میں عثمان بزدار کو بلا کر وزیراعلی کے عہدے کی تضحیک کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کے عہدے کی اس طرح تضحیک نہیں کرنی چاہیے، اداروں کومضبوط کرنا چاہیے ، وزیراعلی آفس بھی ایک ادارہ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بہت کام کیا ہے، چیئرمین نیب کو تجویز ہے کہ جب نیب کسی کو بلائے تو ترجمان میڈیا میں آ کر تفصیلات بھی بتائے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جو کیسز نیب سے میڈیا کوجاتے ہیں اس پر نیب کو میڈیا کو بریف بھی کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اتحادی جو کر رہے ہیں وہ بلیک میلنگ کی سیاست نہیں، تمام سیاست کرنے والوں کے اپنے اپنے مفادات ہوتے ہیں، پرویزالہی پرانے سیاستدان ہیں، وہ اپنی سیاست کرتے ہیں