کراچی (ویب ڈیسک)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ کل پیر کو مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق سندھ میں ہفتے کی شام داخل ہونے والا چھٹا مون سون سسٹم گزشتہ سسٹم کی طرح طاقتور نہیں تاہم نئے سسٹم کے ذریعے شہر میں کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان رہے گا، اتوار کی دوپہر سے شام کے دوران شہر میں بارشوں کا آغاز ہوسکتا ہے جبکہ پیر کے روز بارش کی شدت زائد رہے گی، شہر میں نئے سلسلے کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق ہفتے کو کئی روز بعد موسم ابرآلود رہنے کے بعد دوپہر کے وقت تیز دھوپ نکلی جس کی وجہ سے حدت محسوس کی گئی۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.3 جبکہ کم سے کم 27.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 92 جبکہ شام کو 76 فیصدرہا اور مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔
بیان کے مطابق اتوار کو مطلع ابرآلود رہنے جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، شہر میں کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔