اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ،دیوار یں گرنے سے  13افراد جاں بحق

 وفاقی دارالحکومت میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرگئی، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبی لاشوں کو مشینوں کے ذریعے نکالا

گرنے والی دیوار تقریبا 100 فٹ لمبی اور 11 فٹ اونچی تھی، دیوار کیساتھ پل کی تعمیر کے لئے موجود مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا،پولیس

راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح 14 فٹ سے تجاوز کرگئی، سائرن بجا دیئے گئے، کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع ، پاک فوج کے دستے نالہ لئی پر تعینات

اسلام آباد،راولپنڈ ی  ( صباح نیوز)

اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی، دیواریں گرنے سے بچی سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 12 افراد دیوار کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہیکہ حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبی 12 لاشوں کو مشینوں کے ذریعے نکالا جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔پولیس کے مطابق گرنے والی دیوار تقریبا 100 فٹ لمبی اور 11 فٹ اونچی تھی، دیوار کی آڑ میں پل کی تعمیر کے لئے موجود مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا، حادثے کے بعد مزید افراد کی تلاش کے لئے مشین کی مدد سے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ پولیس کے مطابق  بارش کے دوران تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹائون دیوار گرنے سے 11 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔ دوسری جانب راولپنڈی میں اب تک 186ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 14 فٹ سے تجاوز کرگئی،نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے کے باعث سائرن بجا دیئے گئے،گوالمنڈی کے اطراف مساجد میں اعلانات کردئیے گئے ۔ راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے   اور کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر نشیبی علاقوں کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا ۔کمشنر راولپنڈی  نے بتایا کہ ین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے  کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔علاوہ ازیں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، ٹریفک عملے کو بارش کے دوران ڈرائیوروں کی مدد کو یقینی بنانیکی ہدایات کی گئی ہیں۔