لاہور (ویب ڈیسک)
ملک بھر میں آج سے شادی ہال بھی کھل جائیں گے، کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، گنجائش سے 50 فیصد کم افراد کو تقریب میں شمولیت کی اجازت ہوگی۔
پنجاب میں شادی ہالز آج سے کھلیں گے، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہیں۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق مہمانوں کو ہاتھ نہ ملانے، بغل گیر نہ ہونے، موبائل فون اور دوسری ڈیوائسز شیئر نہ کرنے کے پوسٹر بھی چسپاں کیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا میں بھی آج سے شادی ہالز کھلیں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے اعلامیہ کے مطابق تمام سٹاف کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی ہے۔ سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے اور ہالز کے داخلی راستے پر ہینڈ سینیٹائزر، صفائی اور سپرے کا انتظام کیا جائے گا۔ شادی ہالز رات 10 بجے بند ہو ں گے، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر کاروائی ہوگی۔
سندھ میں کاروباری مراکز ہفتے میں 6 روز کھلیں گے، اس حوالے سے 15 اکتوبر تک کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ کاروباری مراکز صبح 6 سے رات 8 بجے تک کھلیں گے، ریسٹورنٹس ایس او پیز کے تحت ہی کھولے جائیں گے۔