اسلام آباد (ویب نیوز)

وفاقی وزیر برائے خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے اعلان کیاہے کہ عیدالاضحی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی جون کے مہینے کی تنخواہیں 23 جون کو جاری کر دی جائیں گی۔ یہ اعلان اسحاق ڈارنے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے کہ عیدالاضحی توقع ہے کہ 29جون کو ہو گی اور حج کی تاریخ بھی ابھی فائنل نہیں وہ بھی 27یا28جون ہو گی۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے حوالہ سے مختلف ڈویژن مجھ سے اوروزارت خزانہ سے رابطہ کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں عید الاضحی کے پیش نظر جون کی تنخواہ قبل ازوقت دے دی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کی اوردیگرضروریات کو وقت پر پورا کرسکیں۔ میں سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کردی ہے اور وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف جو باکو میں ہیں ان سے بھی مشورہ کر لیا ہے اور23جون جمعہ کے روزسرکاری ملازمین کی تنخواہیں اداکردی جائیں گی۔