کراچی (ویب ڈیسک)
کراچی میں 15 مدد گار پر فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 15 مدد گار پر فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کے خلاف پولیس نے کارروائی کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دریا خان نے 15 پر فون کر کے عثمان گوٹھ میں فائرنگ کی جھوٹی اطلاع دی تھی، فون کرنے والے شخص کی جانب سے بتائے گئے مقام پر فوری پہنچے تو وہاں فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق جب فون کرنے والے شخص سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کالر نے نمبر بند کر دیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جھوٹی اطلاع دینے والے شخص دریا خان کو ٹیکنیکل سسٹم کی مدد سے گرفتار کیا گیا، گرفتار شخص کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
کراچی پولیس کی جانب سے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ 15 آپ کی مدد کے لے ہے، اس پر غلط کال نہ کریں۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ جھوٹی کال ضرورت مند شخص کی حقیقی کال پر اثر انداز ہوتی ہے، جھوٹی کال کرنا قانون کے مطابق جرم ہے۔