کراچی (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق کہنا ہے کہ کورونا سے اموات کا تناسب کم ہوگیا ہے لیکن ابھی تک اموات ہو رہی ہیں۔
سید مراد علی شاہ کی صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ، وزیر تعلیم سعید غنی، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی ، ایم کے سی ایڈمنسٹریٹر ، اے سی ایس ہوم، سیکریٹری صحت، سیکریٹری تعلیم، ڈاکٹر فیصل ، ڈاکٹر باری ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر سارا اور دیگر شریک ہوئے ۔
اجلاس کے دوران سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے اموات بھی ہورہی ہیں اور ہم اسکول بھی کھول رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ٹیسٹنگ کی گنجائش 14940 تک بڑھائی گئی ہے، سندھ میں اس وقت 3158 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ کراچی ڈویژن میں 2092، حیدرآباد 670، میرپورخاص 81، شہید بے نظیر آباد 101، سکھر 96 اور لاڑکانہ 118 کیسز ہیں۔
کورونا وائر س سے متعلق اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو سیکریٹری صحت کی جانب سے تازہ صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی ۔
سیکریٹری صحت سندھ کی جانب سے پریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے اپریل میں 109، مئی میں 385، جون 904، جولائی 817، اگست میں 186 اموات ہوئی ہیں جبکہ ستمبر میں 62 اموات ہوئیں۔
ہائی رسک ایریاز میں مارکیٹس، شاپنگ مالز، سیاحتی مقامات ، ہوٹلز ، جلسے جلوس ، درگاہیں شامل ہیں ۔
وزیرتعلیم سعید غنی کی جانب سے کہا گیا کہ تمام اسکولوں کو ایس او پیز تقسیم کر رہے ہیں ۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے محکمہ تعلیم کو ایس او پیز سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام اسکولوں میں ماسک پہننے کو یقینی بنائیں، جو اسکول ایس او پیز پر عمل نہ کرے اُن کے خلاف کارروائی کی جائے۔