لغمان (ویب ڈیسک)
افغان صوبے لغمان کے گورنر کے قافلے پر بم حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے لغمان کے گورنر رحمت اللہ یارمل کا قافلہ گیسٹ ہاؤس سے آفس کی جانب جارہا تھا کہ اس دوران گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جب کہ 20 زخمی ہوگئے تاہم افغان حکومت کی جانب سے ابھی تک ہلاکتوں یا کسی کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان گورنر نے بھی قافلے پر بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر رحمت اللہ یارمل حملے میں مکمل محفوظ ہیں تاہم دیگر افراد کے جانی نقصان کا خدشہ ہےجب کہ ابھی تک طالبان سمیت کسی بھی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔