حکومت کا نوازشریف کی طلبی کیلئے برطانوی اخبارات میں بھی اشتہار شائع کرانے کا فیصلہ
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرادی
عدالت برطانوی اخبارات ٹیلی گراف اور گارڈین میں اشتہارات شائع کرنے کا حکم دے، اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی ،موقف
وفاقی حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات شائع کروا نے کیلئے دو برطانوی اخبارات دی گارڈین اور ڈیلی ٹیلیگراف کے نام دیئے ہیں
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی طلبی کیلئے برطانوی اخبارات میں بھی اشتہار شائع کرانے کا فیصلہ کر لیا ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرادی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف کی طلبی کے اشتہارات پاکستانی اخبارات میں تو شائع کئے جارہے ہیں اور ان کے لاہور اور لندن ایڈیشنز میں شائع کئے جارہے ہیں لیکن چونکہ نواز شریف برطانیہ میں رہائش پزیر ہیں اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہیں اس لئے لندن میں برطانوی اخبارات میں بھی یہ اشتہارات شائع کئے جائیں اوراس حوالہ سے عدالت اجازت دے۔ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے سامنے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چونکہ العزیزیہ اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں نوازشریف عدالت کو مطلوب ہیں اور اس حوالہ سے 7 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی طلبی کے لئے باقائدہ اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستانی اخبارات میں اشتہار شائع کیا جارہا ہے تاہم اب وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات برطانوی اخبارات میں شائع کروائے جائیں اور اس حوالہ دو برطانوی اخبارات دی گارڈین اور ڈیلی ٹیلیگراف کے نام دیئے گئے ہیں ۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ دونوں برطانوی اخبارات میں اشتہارات چھپوانے کی اجازت دے اور حکم دے اس حوالہ سے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔