دبئی (ویب ڈیسک)

سفارتی کوششیں ناکام’ دبئی میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کو واپس بھیجنے کا عمل شروع

ائیر پورٹ پر پھنسے545 پاکستانی مسافروں کو 10، 15افراد کا گروپ بنا کر وطن واپس بھیجا جا رہا ہے

ہم سفارتی مدد کے ہی منتظر رہے، پیسے جوڑ جوڑ کر دبئی آئے تو یہاں سے واپس بھیجا جا رہا ہے،مسافروں کا شکوہ

 پاکستانی حکام کی کوششوں سے کچھ مسافروں کو یو اے ای کی حکومت نے ملک میں داخلے کی اجازت دیدی ہے،قونصل خانے کا بیان

قونصل خانے کا عملہ ائیرپورٹ پر موجود ہے اور تمام مسافروں کو خورات سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں

یو اے ای کی نئی ٹریول ہدایات کے مطابق ویزے کے ساتھ دو ہزار درہم اور ہوٹل بکنگ کروا کر آئیں

 پاکستانی قونصل خانہ کی غفلت اورپاکستانی سفارتخانے کی کوششیں ناکام ہو نے کے باعث دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے سیکڑوں پاکستانیوں کو گروپس کی شکل میں وطن واپس بھیجنے کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔دبئی میں واقع پاکستانی قونصل خانہ نئی سفری ہدایات پر پاکستانی قومی ائیر لائن اور پاکستانی حکومت کو بروقت نئی سفری شرائط کے بارے میں مطلع کرنے میں ناکام رہا جس کے باعث سینکڑوں پاکستانی دبئی ائیر پورٹ پر پھنس گئے۔ائیر پورٹ پر پھنسے پاکستانی مسافروں کو 10، 15افراد کا گروپ بنا کر وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔متحدہ عرب امارات کی نئی ٹریول ہدایات پر عمل کیے بغیر پاکستانیوں نے دبئی کی پرواز لی جس کے باعث گزشتہ دو دنوں میں 545پاکستانیوں کو دبئی ائیر پورٹ پر روک لیا گیا۔مسافروں کا شکوہ ہے کہ ہم سفارتی مدد کے ہی منتظر رہے، پیسے جوڑ جوڑ کر دبئی آئے تو یہاں سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔پاکستانی قونصل خانے نے بھی اب اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا۔قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کی کوششوں سے کچھ مسافروں کو یو اے ای کی حکومت نے ملک میں داخلے کی اجازت دیدی ہے جبکہ قونصل خانے کا عملہ ائیرپورٹ پر موجود ہے اور تمام مسافروں کو خورات سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔دبئی میں واقع پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای کی نئی ٹریول ہدایات کے مطابق ویزے کے ساتھ دو ہزار درہم اور ہوٹل بکنگ کروا کر آئیں۔