دبئی میں زرداری اور نواز کی طویل ملاقات، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر گفتگو
دبئی (ویب نیوز)
دبئی میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی طویل ملاقات ہوئی ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ بڑی ملاقات کا پہلا سیشن مکمل ہوگیا، بیٹھک پھر ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات نومبر میں کرانے کیلئے مزید بات چیت کے سیشن ہوں گے۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی اب دنوں پاکستان کی سیاست کا مرکز بنا ہوا ہے، مسلم لیگ(ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت ان دنوں دبئی میں ہیں۔مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دبئی میں ملاقات کی ہے۔مریم نواز نے گزشتہ روز خصوصی میٹنگز پر پیپلزپارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا، دبئی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں سیٹیں مانگ لی ہیں، گیلانی خاندان، راجا رویز اشرف، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن سمیت کچھ دیگر حلقوں میں ن لیگ امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ شہباز شریف بھی لندن سے دبئی پہنچیں گے اور آئندہ ہونے والی ملاقاتوں میں موجود ہوں گے، دبئی میں ہونے والی ملاقات میں نگران وزیراعظم کا نام بھی فائنل کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ بھی اسی ملاقات کے دوران دونوں جماعتیں فائنل کریں گی جبکہ اسمبلی کی مدت پوری ہونے سے پہلے اسمبلی توڑنے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا، اسمبلی وقت سے پہلے توڑنے سے سیاسی جماعتوں کو الیکشن مہم کے لیے وقت مل سکے گا۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کے کچھ مرکزی رہنما اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی جائیں گے، استحکام پاکستان اور ق لیگ کو کتنی سیٹوں پر ایڈجسٹ کرنا ہے اس پر بھی بات ہو گی۔ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف کی ابوظبی میں پاکستان کے سیاسی و معاشی حالات پر طویل بیٹھکیں جاری ہیں، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔مریم نواز نے گزشتہ روز خصوصی میٹنگز پر پیپلزرٹی قیادت کو اعتماد میں لیا،