اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے جج دھمکی کیس میں ٹرائل کورٹ طلبی حکم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپیل خارج کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا عمران خان کو سمن کرنے کا نوٹس غیر قانونی نہیں، اگر ضرورت ہو تو عمران خان اپنا اعتراض ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی رکھ سکتے ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ عمران خان نے چالان رپورٹ کے کالم نمبر2 کو چیلنج نہیں کیا، ٹرائل کورٹ میں طلبی نوٹس کے وقت تمام ثبوتوں کا جائزہ نہیں لیا جاتا، جرم ہے یا نہیں، ٹرائل کورٹ کی جانب سے تفصیلی جائزے کے بعد تعین ہو گا۔ عمران خان نے ٹرائل کورٹ کے یکم اکتوبر کے حکم کو چیلنج کر رکھا تھا، کیس میں چالان جمع ہونے کے بعد ٹرائل کورٹ نے عمران خان کو سمن نوٹس جاری کیا، جس کے بعد سابق وزیراعظم نے سمن نوٹس کو سیشن کورٹ میں چیلنج کیا۔