عمران خان 8 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں،ارکان قومی اسمبلی کے گوشوارے جاری
نور عالم خان 3 ارب 20کروڑ،عمر ایوب خان 1ارب 21کروڑ ،پرویز خٹک 15کروڑ ،اسد قیصر 8کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں
اسلام آباد(ویب ڈیسک )ارکان قومی اسمبلی کے سال 2019-20کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں، وزیراعظم عمران خان 8 کروڑ سے زائد روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، 4غیرملکی اکائونٹس میں 3لاکھ 31ہزار 230امریکی ڈالرز اور 518پاونڈز موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے پاس 1کروڑ 99لاکھ سے زائد کیش بھی موجود ہے، ان کے پاس 2لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے فیروزوالہ میں 80کنال زمین کے عوض 7کروڑ سے زائد کا ایڈوانس بھی لے رکھا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر 8کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور 1کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد رقم کے مقروض ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان 1ارب 21کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے۔ انہوں نے 2کروڑ روپے کا قرض لے رکھا ہے۔وزیر دفاع پرویز خٹک 15کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں جبکہ اپنی ساس کے اڑھائی کروڑ روپے کے مقروض ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان 3 ارب 20کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک نکلے۔
#/S