محکمہ اطلاعات پنجاب کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

ڈی جی پی آر کا اپنا ریڈیو ایف ایم لانچ کریں گے؛ ڈیجیٹلائزیشن پالیسی مرتب کی جائے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

محکمہ اطلاعات کے زیر انتظام انفارمیشن اکیڈمی کے قیام کا اعلان

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی صدارت میں ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس

نجی ٹیلی ویژن چینلز کے بیوروچیفس سے ملاقات؛ حکومتی میڈیا پالیسی سے آگاہ کیا

لاہور (ویب ڈیسک )محکمہ اطلاعات پنجاب کی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تنظیم نو کی جائے گی۔ محکمے کی کارکردگی کو ڈیجیٹلائزیشن اور تربیت کے زریعے بہتر کیا جائے گا۔محکمہ اطلاعات کا اپنا ایف ایم ریڈیو چینل لانچ کیا جائے گا۔ ادارے کا اپنا اور یوٹیوب اکاؤنٹ بنایا جائے گا جس پر بہترین پروڈکشن سے مواد کو شئیر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹر میں محکمے کے افسران کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ ڈی جی پی آر ڈاکٹر اسلم ڈوگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیجیٹلائیزیشن کے زریعے ہی دنیا سے تعلق قائم رکھا کا سکتا ہے۔ عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے افسران اور نجی اداروں سے وابستہ صحافیوں کیلئے سپیشلائزڈ تربیتی کورسز تشکیل دیے جائیں گے جنہیں وفاق کی طرز پر پنجاب میں انفارمیشن اکیڈمی میں پڑھایا جائے گا۔ معاون خصوصی نے پنجاب انفارمیشن اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا اور اس ضمن میں پی سی ون بنانے کے احکامات جاری کیے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب محکمے میں ہر ماہ پی آر او آف دی منتھ کا اعلان کیا جائے گا جنہیں تعارفی سند کیساتھ اونریریم بھی ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے یہ تاثر قائم کرنے کی کوشش کی کہ انکے دور میں بہت کام ہوئے جبکہ وہ کام کی بجائے ڈھول زیادہ پیٹتے تھے۔ دوسری جانب ہماری حکومت کی تمام توجہ کام پر ہے لیکن ہم ڈھول نہیں بجا سکے۔ محکمہ اطلاعات کو اصلاحات کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے تاکہ میڈیا اور عوام کو بروقت معلومات پہنچائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر کے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سیلز کو ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کریں گے۔ بعدازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں قائم نجی ٹیلی ویژن چینلز کے بیوروچیفس سے ملاقات کی اور انہیں حکومت کی میڈیا پالیسی بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کی فلاح حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عوام تک اپنا میسج پہنچانے کیلئے میڈیا بہترین زریعہ ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت دل و جان سے محنت کر رہی  ہے اور یہ بات ہمیں میڈیا کے ذریعے عوام کو بتانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کیساتھ رابطے میں رہنے پر یقین رکھتے ہیں اور کسی دے تصادم نہیں چاہتے۔