مظفرآباد (ویب ڈیسک)
درجنوں مکان،د کا نیں ودیگر املاک تباہ اورایک مسجد بھی جزوی شہید ، جنگلات میں آگ لگ گئی
پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی سے بی ایس ایف کے افسر سمیت2فوجی ہلاک ہو گئے، بھارتی میڈیا
قابض بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے دو اضلاع نیلم ویلی و جہلم ویلی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال گولہ باری و فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں آخری اطلاعات تک 5افراد شہید اور 28 زخمی ہوگئے ۔ درجنوں مکان،د کا نیں ودیگر املاک تباہ اورایک مسجد بھی جزوی شہید ہوگئی ،جمعہ کے روز علی الصبح بھارتی فوج نے وادی نیلم کے علاقوں شاردہ،تہجیاں،چھپراں،فلاکاں،کنڈلشاہی،جورا،شاہکوٹ،نیکرو اور نوسیری سیکٹر سمیت وادی لیپہ اور پانڈو چکوٹھی سیکٹرزپربلااشتعال گولہ باری شروع کی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکٹر فیاض احمد ولد شیراحمد ساکنہ دودھنیال عمر 40سال،سمیت نوجوان شہیب احمدولد ارشاد ساکنہ فلاکن میرپورہ،لالہ گائوں کا پرویز والد نجیب اللہ شہید ہوگئے جبکہ زخمیوں میںعبدالحنان ولد ناصرعمر5سال ،مشتاق ولد افضل عمر37سال،امتیاز چن ولد افضل عمر26سال ،شاہد ولد افضل عمر28سال،وقاص ولد شفقت عمر19سال ساکنان دودھنیال جبکہ ایمان دختر شیراز بیگ عمر9سال ساکنہ لالہ،نسرین زوجہ سجاد عمر28سال،فلاں میرپورہ ادیب ولد سدھیر عمراڑھائی سال ساکنہ لالہ،عبدالطیف ولد محمد حنیف عمر21سال ،عبدالرشید ولد اکرم عمر40سال ساکنان دودھنیال،ماہنور دختر منصف د اد عمر13سال ساکنہ اٹھمقام ،عابد ولد راجہ ولی عمر17سال،امتیاز میر ،شاہد میر،وقاص شفقت ساکنہ دودھنیال شامل ہیں۔ بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے تجہیاں میں ایک مکان مکمل تباہ، شاہکوٹ میں 2دکانیں،نیکرو میں مسجد شہید،فلاکاں میں مکان تباہ ہوا جبکہ جورا میں کشمیر بینک کو نقصان پہنچا ہے۔دریں اثناء پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا مکمل منہ توڑ جواب دیا ہے اور دشمن کے مورچوں کو نشانہ بنایا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی سے بی ایس ایف کے 2فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔نوگام سیکٹر میں بی ایس ایف کا آفیسر ہلاک ہوا ہے ۔وادی نیلم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ جنگلات میں آگ لگ چکی ہے اور کئی جامع مساجد میں جمعہ بھی ادا نہیں ہوسکا۔ اٹھمقام ،کنڈلشاہی،کٹن،جاگراں ،شاردہ،تجہیاں اور ملحقہ علاقوں میں فوری طور پر کاروباری مراکز بند کر دیے گئے ہیں جبکہ کئی سیاح محصور ہوچکے ہیں ۔وادی لیپہ،چکوٹھی،پانڈو ودیگر سیکٹرز میں شدید خوف وہراس پایا جارہا ہے۔تاہم پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے بعد بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ کاسلسلہ کئی سیکٹرز پر رک چکاہے۔