راولپنڈی (ویب ڈیسک)
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈرز نے پاکستان میں عدم استحکام کے لیے بھارتی سازشوں اور موجود شواہد اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد کا جائزہ بھی لیا۔
اجلاس میں افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت، لائن آف کنٹرول، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا جائزہ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرس میں خطے اور ملکی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف بھارتی سازشوں اور دہشت گردوں کی ٹریننگ اور فناسنگ کا جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈرز نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی حملوں سے آبادی کو بچانے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔ بھارت، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔
اجلاس کے دوران عسکری قیادت نے کورونا کی دوسری لہر سے پیدا صورتحال پر بھی غور کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کورونا صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کی حمایت سے اندرونی وبیرونی چیلنجوں پر قابو پا لے گی۔
اجلاس کے دوران بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر، لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان، بالخصوص آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔ کسی بھی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا جائے گا۔ پاک فوج قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرے گی۔ پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے امن کا قیام ہمارا فرض ہے۔