کراچی (ویب ڈیسک)
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت کی جانب سے کاروباری مراکز کو شام 6 بجے بند کرنے کے فیصلے کو تاجر برادری نے مسترد کردیا۔
کراچی کے تاجروں نے دکانیں صبح 6 بجے کھولنے اور شام 6 بجے بند کرنے کا صوبائی حکومت کا فیصلہ مسترد کردیا۔
شہر کی تاجر برادری نے سندھ حکومت سے تاجروں کی صوبائی حکومت سے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صبح 6 بجے دکانیں کھولنا قابل عمل نہیں، بلکہ صبح 10 سے رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ چھوٹا تاجر پہلے ہی کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن اور بڑھتی مہنگائی کے باعث پس چکا ہے، کاروبار پہلے ہی 50 سے 60 فیصد تک رہ گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج سے سندھ حکومت نے کاروباری مراکز کو شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔