انقرہ (ویب ڈیسک)
ترکی میں کورونا سے بچاؤ کیلئے مزید اقدامات کے تحت جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک کرفیو کا اعلان کر دیا گیا۔
ترکی میں کورونا وائرس کے دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے سخت حکومتی اقدامات سامنے آ گئے، صدر طیب اردوان نے جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، ترکی نے کورونا کی پانچ کروڑ ویکسین بھی خریدی ہیں جو رواں ماہ سے شہریوں کو فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ترکی میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 38 ہزار 847 کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 2 لاکھ 20 ہزار 374 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ ملک میں اموات کی تعداد 13 ہزار 746 تک پہنچ چکی ہے، گزشتہ روز ترکی میں مزید 185 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔