نئی دہلی (ویب ڈیسک)
بھارتی سرکار کی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف نئی دہلی میں احتجاج جاری ہے، کسان رہنماؤں نے حکومت سے کہا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو کل پورا بھارت بند کردیں گے، اپوزیشن نے بھی بھارتی کسانوں کی کھل کر حمایت کی ہے۔
بھارتی حکومت کے کسانوں کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں، مذاکرات میں ڈیڈلاک کی وجہ سے کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا، مودی کی زراعت دشمن پالیسیوں کے خلاف کسان بارہ روز سے سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے نئی دہلی میں دھرنا دے رکھا ہے۔
کسانوں نے اب پورے بھارت کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی اپوزیشن کسانوں کی کھل کر حمایت کر رہی ہے، سونیا گاندھی، شردپوار، فاروق عبداللہ
سمیت اہم رہنماؤں نےایک مشترکہ بیان میں کسانوں کے ملک گیر احتجاج کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان کےمطالبات جائز ہیں ،وفاقی حکومت ان کوفوری حل کرے۔
دوسری جانب سابق وزیر زراعت شردپوار نے کہا ہے کہ ڈیڈلاک برقرار رہا تو معاملہ صرف دلی تک نہیں رہے گا بلکہ پورے ملک سے لو گ اس احتجاج میں شریک ہوں گے۔