پاکستان تحریک انصاف کا آئندہ جمعہ کو یوم اظہاریکجہتی فلسطین منانے کا اعلان

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے  اسرائیلی جارحیت کے شکار اہلِ فلسطین سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کا اعلان کردیا ۔ آئندہ جمعہ نمازِ جمعتہ المبارک کی ادائیگی کے بعد ملک گیر سطح پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ کورکمیٹی کی جانب سے عالمی برادری پر غزہ میں جاری اسرائیلی وحشت و بربریت رکوانے اور اہلِ فلسطین کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں آزادی کا بنیادی حق دلوانے کیلئے فوری کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا ۔ پارٹی قیادت کا مسئلہ فلسطین پر موقف بانی پاکستان قائد اعظم کے موقف کا آئینہ دار ہے،  عمران خان نے بطور وزیراعظم کشمیر کے ساتھ فلسطین کے مسئلے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا،  تحریک انصاف اہلِ فلسطین کی اصولی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی اور اسرائیل کو جنگی جرائم کی مرتکب ناجائز ریاست تصور کرتی ہے، جب تک کشمیر و فلسطین جیسے مسائل اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر حل طلب ہیں، عالمی امن کے قیام کا خواب کسی طور شرمند تعبیر نہیں ہوسکتا،پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ  اقوامِ عالم خصوصا مسلم امہ فلسطین کے دیرینہ مسئلے کے اہلِ فلسطین کی امنگوں کی روشنی میں حل کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائیں اور قابض اسرائیل کے غیرانسانی و توسیع پسندانہ عزائم کے تدارک کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کریں