اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے۔
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی، سفارتخانے کے سینئر افسران اور اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات
کی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی اقتصادی و معاشی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد کو یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے اس دورہ سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیر خارجہ کا یہ دورہ مسلم ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط کے فروغ کا تسلسل ہے۔