کراچی (ویب ڈیسک)
پاکستان نیوی کے نئے جہاز پی این ایس تبوک نے بحری بیڑے میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔ شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پی این ایس تبوک کی تعمیر ڈامین شپ یارڈ رومانیہ میں کی گئی۔ اس جہاز کی کمیشننگ کی تقریب رواں برس نومبر میں رومانیہ میں منعقد ہوئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے کا پہلا جہاز پی این ایس یرموک رواں برس جولائی میں پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا گیا ہے۔
چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا س موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ نئے جدید جہاز کی شمولیت سے ملکی بحری قوت مضبوط، بحری مفادات اور حدود کا دفاع مزید بہتر ہوگا۔
نیول چیف نے کہا کہ پی این ایس تبوک جدید جنگی جہاز ہے جو سٹیٹ آف دی آرٹ ویپن اور ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے۔ پی این ایس تبوک متعدد نیول آپریشنز انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔