بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو بھرپور جواب ملے گا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

دفتر خارجہ نے بھارت کو واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے اسے کہا کہ اگر پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مقبوضہ وادی کی صورتحال سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ مقبوضہ وادی کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت ایل او سی پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا ہوگا۔ قابض بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو کچلنے کیلئے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارت پاکستان مخالف ایجنڈے کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی دہشتگردی سے متعلق شواہد ڈوزیئر کی شکل میں پیش کیے گئے ہیں۔ برطانوی ریگولیٹر کے اقدام سے بھی بھارت کا چہرہ بت نقاب ہوا۔ ای یو ڈس انفولیب نے پاکستان مخالف بھارتی ایجنڈے کو بے نقاب کیا۔

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.